یومِ سیاہ کشمیر پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے زیرِ اہتمام خصوصی تقریبات، کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی

3

اسلام آباد، 27 اکتوبر (اے پی پی): نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات، آگاہی پروگرامز اور یکجہتی واکس کا انعقاد کرکے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔

منگل کو یومِ سیاہ کشمیر کی مناسبت سے موٹروے پولیس کے تمام زونز، سیکٹرز اور دفاتر میں خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں جن کا مقصد 27 اکتوبر 1947 کے تاریخی واقعات، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو اجاگر کرنا تھا۔

اس موقع پر ملک بھر کی موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر واقع ٹول پلازوں، انٹرچینجز اور دیگر اہم مقامات پر خصوصی بینرز اور پوسٹرز آویزاں کیے گئے اور شہریوں میں معلوماتی مواد تقسیم کیا گیا۔ کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ان کے درجات کی بلندی اور کشمیری عوام کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

یومِ سیاہ کشمیر کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے موٹروے پولیس کے ایف ایم 95 ریڈیو پر خصوصی نشریات کا اہتمام کیا گیا جن میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کے انٹرویوز نشر کیے گئے۔ پروگرامز میں مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر، کشمیری عوام کی جدوجہد اور انسانی حقوق کی صورتحال پر روشنی ڈالی گئی۔

موٹروے پولیس کی جانب سے مختلف سکولوں اور کالجوں میں بھی آگاہی پروگرامز منعقد کیے گئے جن میں طلبہ و طالبات کو یومِ سیاہ کشمیر کی تاریخی اہمیت، کشمیری عوام کی قربانیوں اور ان کے حقِ خودارادیت سے آگاہ کیا گیا۔

کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مختلف مقامات پر واکس کا انعقاد بھی کیا گیا جن میں موٹروے پولیس کے افسران، اہلکاروں اور شہریوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔