پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی “یومِ سیاہِ کشمیر” کے موقع پر عظیم الشان ریلی کی قیادت

3

پشاور،27 اکتوبر (اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں یومِ سیاہِ کشمیر کے سلسلے میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور، مشیرِ تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ، مشیرِ داخلہ کفایت اللہ اور حریت رہنما داؤد خان یوسفزئی سمیت سرکاری افسران، ملازمین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے مظلوم کشمیری عوام سے کامل یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 27 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو ان کی امنگوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔ خیبر پختونخوا کے عوام پوری قوم کے ساتھ مل کر کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستانی قوم امن پسند ہے اور ہم مسئلہ کشمیر مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، تاہم ہمیں اس پُرامن راستے سے ہٹنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ پاکستان امن کا داعی ہے، لیکن پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستانی فوج اور قوم اپنے دفاع کا حق استعمال کرنا اور اپنی سرزمین کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب عالمی سفارت کاری ناکام ہو رہی تھی، تب بھی پاکستان نے خطے اور دنیا کے امن کے لیے اپنا اہم کردار ادا کیا۔ بھارتی جارحیت اور منفی پروپیگنڈے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن کے غرور کو خاک میں ملاتے ہوئے پاکستان نے اپنی بہترین دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کشمیری عوام کو یقین دلایا کہ پاکستان کا بچہ بچہ ہر مشکل، دکھ اور تکلیف میں ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کا سورج دیکھیں گے اور پرامن فضا میں سانس لیں گے۔