سمیڈا کی تنظیم نو سے متعلق کمیٹی کا اجلاس،ادارے کی کارکردگی،کاروباروں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تجاویز پرغور

0

اسلام آباد، 27 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت سمیڈا کی تنظیم نو سے متعلق کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کی کارکردگی، رسائی اور خدمات کو مزید مؤثر بنانے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل، سیکریٹری صنعت و پیداوار احسان علی مانگی، سیکریٹری تجارت جواد پال،سمیڈا کے بورڈ ممبران، چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیڈا اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سمیڈا کی رسائی مائیکرو،چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں تک بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں چھوٹے کاروباری افراد اور خواتین کاروباری شخصیات کو مالی وسائل تک رسائی، کاروباری سہولیات اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمیڈا کی خدمات ملک کے دور دراز دیہی علاقوں تک پہنچائی جائیں گی تاکہ چھوٹے کاروباری افراد بھی حکومتی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ ادارے میں ترقی اور توسیع کی وسیع صلاحیت موجود ہے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کی معاونت کے لیے چیف کوآرڈینیٹر بھی تعینات کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سمیڈا کی تنظیم نو کے لیے جامع منصوبہ تیار کرنے کی غرض سے کمیٹی تشکیل دی ہے،جس میں سمیڈا کے بورڈ ممبران کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ باہمی مشاورت سے ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے اور کاروباری برادری کی ضروریات پوری کرنے کے لیے قابل عمل تجاویز مرتب کی جا سکیں۔

اجلاس میں سمیڈا کی تنظیم نو کے لیے بہترین بین الاقوامی طریقہ کار اور کامیاب ماڈلز کا جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ کمیٹی جامع تجاویز اور تنظیم نو کا منصوبہ چار ہفتوں میں وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان کے کاروباری اداروں کی بڑی اکثریت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں پرمشتمل ہے، جو ملک میں روزگار کی فراہمی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سمیڈا کی تنظیم نو کا مقصد ان کاروباروں کو مضبوط بنانا، مالی وسائل تک رسائی بہتر کرنا اور ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مؤثر معاونت فراہم کرنا ہے۔