پشاور ،28 اکتوبر(اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت ایبٹ آباد پبلک اسکول کے بورڈ آف گورنرز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کے انتظامی امور، تعلیمی معیار اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مشیرِ تعلیم سید عامر عبداللہ، سیکرٹری تعلیم عنایت اللہ وسیم، پرنسپل ایبٹ آباد پبلک اسکول اختر قریشی سمیت دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری تعلیم اور اسکول پرنسپل کی جانب سے گورنر خیبرپختونخوا کو ادارے کی تاریخ، تعلیمی خدمات، نمایاں کامیابیوں، بجٹ اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایبٹ آباد پبلک اسکول کا شمار نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان کے بہترین اور نمایاں تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے ایبٹ آباد پبلک اسکول کی شاندار تعلیمی خدمات اور کامیابیوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ادارے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جلد ایبٹ آباد پبلک اسکول کا ذاتی دورہ کریں گے۔ گورنر کا کہنا تھا کہ مشیرِ تعلیم کو تعلیمی شعبے میں بہتری کے لیے اہم اور مشکل ٹاسک دیے گئے ہیں اور وہ اسکول کے درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
اپنے خطاب میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ تعلیم اور صحت کے شعبہ جات پر مرکوز ہے۔ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کی آبادی کا تناسب سب سے زیادہ ہے، اس لیے صوبے میں ایبٹ آباد پبلک اسکول جیسے مزید معیاری اور بااثر تعلیمی ادارے قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ادارے کے انتظامی امور اور تعلیمی معیار میں مزید بہتری لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور اسکول حکام ہر ماہ ادارے کی کارکردگی اور پیش رفت سے متعلق رپورٹ پیش کریں۔
اجلاس کے اختتام پر اسکول پرنسپل اختر قریشی نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو ایبٹ آباد پبلک اسکول کی آنے والی ‘یومِ والدین’ کی تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی۔











