اسلام آباد، 28 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت فنانس ڈویژن میں ایکسس ٹو فنانس اسٹیئرنگ کمیٹی کا چھٹا اجلاس منعقد ہوا، جس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، زراعت، برآمدات، ہاؤسنگ اور وزیراعظم کی مختلف اسکیموں کے تحت مالی سہولیات کی فراہمی میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مالی سہولیات تک رسائی کو کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معاشی شمولیت بڑھانے کے لیے اہم قرار دیا گیا۔ شرکاء نے متعلقہ شعبوں میں جاری اقدامات اور مالی سہولیات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے مالی معاونت کے ساتھ مالیاتی آگاہی، دستاویزات کی تیاری، اکاؤنٹنگ اور ڈیجیٹل سہولیات بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اس مقصد کے لیے سمیڈا کو مالیاتی اداروں اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں کے ساتھ مل کر کاروباری اداروں کی معاونت بڑھانے کی ترغیب دی گئی۔
زرعی شعبے میں قرضوں کی فراہمی، چھوٹے کسانوں کے لیے زرخیز اسکیم اور لائیو اسٹاک و ڈیری کے شعبوں میں مالی سہولیات کے فروغ پر بھی غور کیا گیا۔ اسی طرح وزیراعظم کے اپنا گھر پروگرام کے تحت ہاؤسنگ فنانس میں پیش رفت اور گھروں کی تعمیر کے لیے مالی معاونت بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی نے پاکستان ایکسلریٹڈ وہیکل الیکٹریفکیشن اسکیم پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا، جس کا مقصد الیکٹرک دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے قابلِ رسائی مالی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اجلاس میں ڈیجیٹل نظام کے ذریعے قرضوں کی جانچ اور فراہمی کو بہتر بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہاؤسنگ فنانس، بالخصوص وزیراعظم کے اپنا گھر پروگرام کے تحت ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں اور مالیاتی شعبے کے نمائندوں پر زور دیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں اور زرعی شعبے کے لیے مالی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جائے تاکہ کاروباری اداروں، کسانوں اور دیگر مستحق طبقات کو مؤثر انداز میں فائدہ پہنچایا جا سکے۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری خزانہ، وفاقی سیکرٹری ہاؤسنگ و تعمیرات، وفاقی سیکرٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، چیف ایگزیکٹو آفیسر کرنداز پاکستان، چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیڈا اور فنانس ڈویژن، اسٹیٹ بینک اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔











