وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت ایس ایم ایز کی برآمدات کے فروغ اور برآمدی مالیات تک رسائی بہتر بنانے کیلئے اجلاس

19

اسلام آباد، 29 اکتوبر) اے پی پی): وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت وزارت خزانہ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی برآمدات بڑھانے اور برآمدی مالیات تک رسائی بہتر بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں برآمد کنندگان کو درپیش مسائل، حکومتی معاونتی اقدامات پر آراء اور برآمدات کے فروغ کے لیے قابل عمل تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت برآمدی شعبے سے وابستہ ایس ایم ایز کو مالی وسائل، بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی، نئی مصنوعات کے فروغ اور کاروباری لاگت میں کمی کے لیے سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اجلاس میں ایس ایم ایز کے لیے ایکسپورٹ فنانس اسکیم سے استفادے، درخواستوں پر کارروائی کے طریقہ کار کو مؤثر بنانے، اہلیت کے معیار سے آگاہی اور برآمدی سہولت اسکیم کی بہتری پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ چھوٹے برآمد کنندگان کے لیے ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس اور مالی خطرات میں شراکت کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے برآمد کنندگان نے ضابطہ جاتی اور ٹیکس سے متعلق امور، سرٹیفکیشن کے تقاضوں، بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی، مال برداری کی دستیابی اور شپنگ لاگت سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ برآمدی صلاحیت اور پیداواری استعداد بڑھانے کے لیے جدید مشینری اور ٹیکنالوجی تک رسائی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر مملکت برائے خزانہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ چیمبرز آف کامرس اور برآمد کنندگان سے مشاورت کے ذریعے اہم مسائل کی نشاندہی کی جائے اور ان کے حل کے لیے واضح ذمہ داریوں اور مقررہ مدت پر مشتمل نظام وضع کیا جائے۔ انہوں نے مالی معاونت، ضابطہ جاتی امور، بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی، ڈیجیٹل سہولتوں اور برآمدی قرضوں کی معاونت بہتر بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری مؤثر بنانے پر زور دیا۔

اجلاس میں سیکرٹری تجارت جواد پال، وزیراعظم آفس کے تجارت سے متعلق سینئر تکنیکی مشیر ڈاکٹر سعید، اسپیشل سیکرٹری تجارت سید حامد علی، ممبر اسٹریٹجک ٹرانسفارمیشن ایف بی آر ڈاکٹر حامد عتیق سرور، وزارت تجارت کے سینئر حکام، صوبائی محکموں اور ایس ایم ایز کے نمایاں برآمد کنندگان کے نمائندوں نے شرکت کی۔