اسلام آباد، 29 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی جس میں سندھ میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری آسانیوں اور ریگولیٹری اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ہارون اختر خان کی سربراہی میں ایس آئی ایف سی اور وفاقی اداروں کے وفد نے ملاقات میں شرکت کی۔
ملاقات میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے کاروبار دوست ماحول کی فراہمی اور سرمایہ کاروں کو سہولیات دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ہارون اختر خان نے غیر ضروری ضابطوں کے خاتمے، کاروباری طریقہ کار کو آسان بنانے اور ڈیجیٹل نظام کو مؤثر بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کو آسان بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری افراد کو دفاتر کے چکر لگانے اور غیر ضروری سرکاری رکاوٹوں سے نجات دلانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ کاروبار سے متعلق قوانین کا جائزہ لے کر ضروری ترامیم بھی کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کاروباری ضابطوں کو جدید بنانے، ڈیجیٹل گورننس کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری اصلاحات کا مقصد کاروباری طریقہ کار کو آسان بنانا، منظوریوں کے عمل کو تیز کرنا اور تعمیلی اخراجات میں کمی لانا ہے۔
اجلاس میں صوبائی اور وفاقی کاروباری پورٹلز کو مربوط کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ سرمایہ کاروں کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کاروباری اصلاحات کے مؤثر نفاذ کے لیے متعلقہ محکموں کی ذمہ داریاں واضح کرنے اور باقاعدہ نگرانی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے شفاف، آسان اور قابلِ پیش گوئی نظام قائم کرنا چاہتے ہیں۔











