وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کا کل جماعتی حریت کانفرنس کے مرکزی دفتر کا دورہ

4

اسلام آباد، 02 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا اور حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی اور حریت قیادت سے تفصیلی ملاقات کی۔

ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت اور

مقبوضہ کشمیر میں گرفتاریوں، کشمیری رہنماؤں کی نظربندی اور اظہارِ رائے پر پابندیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے حریت قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ دنیا میں جانوروں کے بھی حقوق ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بنیادی انسانی حقوق بھی میسر نہیں، مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 79 سالوں میں ڈھائے جانے والے مظالم کی مثال انسانی تاریخ میں نہیں ملتی،  کشمیریوں کی جدوجہد آزادی غیر متزلزل ہے، کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر بارے کوششیں قابلِ تحسین ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے، مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنے پر کل جماعتی حریت کانفرنس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، حریت قیادت اور حکومت آزادکشمیر تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں  گے، ایل او سی کے دوسری جانب ایسا پیغام جانا چاہیے جس سے کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوں، پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے۔