اسلام آباد، 02نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے بنگلہ دیش کے وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و منصوبہ بندی راشد المحمود تیتومیر کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد نے وزارت خزانہ میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں عالمی معاشی صورتحال، ترقی پذیر معیشتوں کو درپیش چیلنجز اور پائیدار و جامع معاشی ترقی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ نے پاکستان میں معاشی استحکام اور ساختی اصلاحات کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا اور طویل مدتی معاشی ترقی کے لیے مالیاتی نظم و ضبط، سرمایہ کاری کے فروغ اور مالیاتی شعبے کی ترقی کی اہمیت اجاگر کی۔
بنگلہ دیشی وفد نے اپنے ملک کی معاشی ترجیحات اور اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ دونوں جانب سے صنعتی ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے تجربات اور مہارتوں کے تبادلے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور علاقائی روابط کے فروغ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور ٹیکسٹائل، مینوفیکچرنگ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے پبلک فنانشل مینجمنٹ اور قرضوں کے انتظام کے شعبوں میں ادارہ جاتی تعاون اور تکنیکی سطح پر تجربات کے تبادلے کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔
دونوں جانب سے باہمی اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں مہارت و تجربات کے تبادلے کے لیے مسلسل رابطے اور مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔











