خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم کرنے اور اے پی ایم ایس کے نفاذ کا فیصلہ، وفاقی حکومت کا عوام کے لیے خیر سگالی کا اقدام

5

اسلام آباد، 3 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر خیبر پختونخوا کے توانائی مسائل کے حل اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پاور ڈویژن میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے کی، جبکہ اس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر فخر عالم عرفان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے زیادہ نقصانات والے علاقوں میں جاری طویل لوڈ شیڈنگ کو کم کرنے کی درخواست کی۔ جس پر وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے خیر سگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھانے کا بڑا فیصلہ کیا۔

وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو پائیدار ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا میں جلد جدید “ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم” (اے پی ایم ایس) نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس نئے سسٹم کے نفاذ کے بعد پورے فیڈر کو بند کرنے کا روایتی اور پرانا طریقہ ختم ہو جائے گا اور صرف انہی ٹرانسفارمرز پر لوڈ مینجمنٹ کی جائے گی جہاں مسائل موجود ہوں گے۔

سردار اویس لغاری نے عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کے واجبات کی بروقت ادائیگی اور بجلی چوری کا خاتمہ بلا تعطل ترسیل کے لیے ناگزیر ہے۔ عوام حکومتی اعتماد اور خیر سگالی کے اس اقدام کا مثبت جواب دیں اور اپنے بجلی کے بل وقت پر ادا کریں۔

اجلاس میں وفاقی اور صوبائی قیادت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کے توانائی مسائل کے مستقل اور پائیدار حل کے لیے باہمی رابطہ اور تعاون مسلسل برقرار رکھا جائے گا۔