واشنگٹن، 05 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے واشنگٹن میں منعقدہ MENAAP ریجنل منسٹریل ڈائیلاگ میں شرکت کی، جس میں مصر، لبنان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (شارجہ) سمیت خطے کے دیگر وزراء اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر قانون نے علاقائی قانونی تعاون اور انصاف کے نظام کو جدید بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کی تجاویز پیش کیے۔ انہوں نے تجارتی عدالتوں، ثالثی مراکز اور کاروباری اصلاحات کے شعبوں میں خطے کے ممالک کے مابین تجربات اور بہترین حکمتِ عملی کے تبادلے پر زور دیا۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ثالثی کے فیصلوں اور مصالحتی تصفیوں پر سرحد پار تیز رفتار عمل درآمد علاقائی تجارت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے علاقائی شراکت داروں کو اسلام آباد میں قائم کردہ “انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر” کے دورے کی دعوت بھی دی۔
وفاقی وزیر نے پاکستان میں تجارتی عدالتوں، ثالثی اور مصالحتی نظام میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی گورننس انڈیکیٹرز پر ملک کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ورلڈ بینک سے معاونت کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے انصاف کی جدید کاری کے عمل کو مسلسل آگے بڑھانے کے لیے ایک مستقل علاقائی پلیٹ فارم کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے دہرایا کہ پاکستان قانون و عدالتی اصلاحات کے فروغ اور باہمی تجربات کے تبادلے کے لیے تمام علاقائی ممالک کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔











