ملتان : صفائی آپریشن تیز، اہم شاہراہوں کی واشنگ اور خالی پلاٹوں کی صفائی کے لیے خصوصی مہم شروع

7

ملتان ،10 نومبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع ملتان میں صفائی آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ ستھرا پنجاب ایجنسی کی جانب سے شہر بھر میں روڈ واشنگ اور آپریشن کلین اپ بھرپور انداز میں جاری ہے، جبکہ اہم شاہراہوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں صفائی کے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

شہر کی اہم شاہراہوں کو واٹر باوزرز اور مکینیکل سوئیپرز کے ذریعے دھونے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ بازاروں اور رہائشی علاقوں میں نئے ویسٹ کنٹینرز اور کوڑا دان نصب کرنے کے ساتھ ان کی تزئین و آرائش اور برینڈنگ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

ضلع بھر میں خالی پلاٹوں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے اور صفائی یقینی بنانے کے لیے 51 ٹریکٹر لوڈرز اور 143 ٹریکٹر ٹرالیاں فیلڈ میں متحرک ہیں، جبکہ خصوصی مشینری بھی آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔ اس مہم کا مقصد شہر سے کوڑا کرکٹ کا مستقل خاتمہ اور صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ خالی پلاٹوں میں جمع کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لیے خصوصی آپریشن جاری ہے اور پلاٹ مالکان کو اپنے پلاٹوں کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والے پلاٹ مالکان کو وارننگ جاری کرنے کے ساتھ نوٹسز بھی بھجوائے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ صفائی کے نظام میں غفلت اور کوڑا کرکٹ پھیلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ صفائی آپریشن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔