راولپنڈی، 11 نومبر (اے پی پی ):46 ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن سنٹرل میٹ کی اختتامی تقریب آرمی مارکس مین شپ یونٹ جہلم میں منعقد ہوئی۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مہمان خصوصی کے طور پر تقریب میں شرکت کی۔ یہ میگا شوٹنگ ایونٹ 7 اکتوبر سے 11 نومبر 2026 تک جاری رہا۔
چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے مہمان اعزاز کے طور پر تقریب میں شرکت کی اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کے ہمراہ مختلف کیٹیگریز میں جیتنے والوں اور رنر اپ کو ٹرافیاں اور میڈلز دیے۔
مقابلے میں پاک فوج، نیوی، فضائیہ، سول آرمڈ فورسز بشمول رینجرز (سندھ و پنجاب)، گلگت بلتستان اسکاؤٹس اور پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن کی ٹیموں اور سویلینز سمیت 1500 سے زائد فائررز نے شرکت کی۔
چوتھی انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستان آرمی نے چیمپئن شپ ٹرافی جیت لی۔ پاکستان آرمی کی آرمی مارکس مین شپ یونٹ نے وزیراعظم ‘اسکلز ایٹ آرمز’ بگ بور نیشنل چیلنج میچ جیتا۔
فوجی شوٹنگ کا سب سے بڑا اعزاز ‘ماسٹر ایٹ آرمز’ ٹرافی (ڈولی کپ) پنجاب رجمنٹ کے حوالدار فضل الرحمان کو دیا گیا۔ پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی میچ اور انفنٹری اسکواڈ میچ میں بھی کامیابی حاصل کی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے فائررز کی غیر معمولی نشانہ بازی اور درستگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شوٹنگ میں مہارت ایک پیشہ ور سپاہی کی پہچان ہے، چھوٹے ہتھیاروں پر عبور بنیادی فوجی تربیت کا لازمی جزو رہنا چاہیے۔
قبل ازیں آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور کمانڈر راولپنڈی کور نے کیا۔











