اسلام آباد، 11 نومبر (اے پی پی) : چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے طلبہ یونینز کی بحالی اور مضبوط و بااختیار بلدیاتی نظام کے قیام پر زور دیتے ہوئے انہیں مستقبل کی قیادت کی تیاری اور جمہوریت کے استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نچلی سطح پر قیادت کی نرسریاں غیر فعال ہو چکی ہیں، جنہیں دوبارہ فعال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ملک میں قیادت کے فقدان کو دور کیا جا سکے۔ اپنے سیاسی سفر کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز مقامی سطح سے کیا اور مسلسل عوامی خدمت کے نتیجے میں وزیراعظم پاکستان کے منصب تک پہنچے اور مختلف آئینی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی اور تحصیل کی سطح پر مضبوط اور بااختیار بلدیاتی ادارے ہی بہتر طرزِ حکمرانی، شفافیت، احتساب اور عوامی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے زیر اہتمام ’’عوامی اخراجات کے انتظام میں پارلیمانی نگرانی کو مضبوط بنانے‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عوامی وسائل کا شفاف، مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال پارلیمان کی آئینی ذمہ داری اور عوامی اعتماد برقرار رکھنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان کا کردار محض بجٹ کی منظوری تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ قومی وسائل درست انداز میں استعمال ہوں اور ان کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف بجٹ میں رقوم مختص کرنا ترقیاتی اہداف کے حصول کی ضمانت نہیں، بلکہ فنڈز کا بروقت اجراء، متعلقہ اداروں کی مؤثر کارکردگی اور عوامی اخراجات کے نتیجے میں شہریوں کی زندگیوں میں عملی بہتری بھی ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی خزانے سے خرچ ہونے والے ہر روپے کے استعمال میں کفایت شعاری، کارکردگی اور مؤثریت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
پاکستان کی وسیع ترقیاتی ضروریات اور محدود مالی وسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے تعلیم، صحت، غذائیت، صفائی اور سماجی تحفظ جیسے اہم شعبوں میں عوامی اخراجات کی مؤثر پارلیمانی نگرانی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نگرانی کے ذریعے یہ یقینی بنایا جانا چاہیے کہ وسائل اپنے مقررہ مقاصد کے لیے استعمال ہوں، مستحق طبقات تک پہنچیں اور ان سے بامعنی نتائج حاصل ہوں۔ پائیدار ترقی کے ہدف 16 (SDG-16) کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مؤثر، شفاف اور جوابدہ اداروں کا قیام پائیدار ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹیوں پر زور دیا کہ وہ محض مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی تک محدود نہ رہیں بلکہ ان کی بنیادی وجوہات، بشمول ناقص منصوبہ بندی، کمزور داخلی کنٹرول، خریداری کے عمل میں خامیوں اور منصوبوں پر عملدرآمد کی کمزوریوں کا بھی جائزہ لیں اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے مؤثر اقدامات تجویز کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آڈٹ اعتراضات کو ان کی مالی اہمیت، بار بار سامنے آنے والی بے ضابطگیوں، نظامی کمزوریوں اور عوامی مفاد پر اثرات کی بنیاد پر ترجیح دی جانی چاہیے۔ پارلیمانی کمیٹیوں کو مضبوط بنانے کے لیے پیشہ ورانہ معاونت، قابلِ اعتماد معلومات تک رسائی، آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے دفتر کے ساتھ قریبی رابطہ کاری، ارکان کی استعدادِ کار میں اضافے اور بجٹ کے تفصیلی جائزے کے لیے تجزیاتی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی احتساب غیر جانبدارانہ، شواہد پر مبنی اور تعمیری ہونا چاہیے تاکہ مالی شفافیت کے ساتھ ادارہ جاتی کارکردگی اور عوامی خدمات کی فراہمی کے معیار کو بھی بہتر بنایا جا سکے۔
ورکشاپ سے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال، اسپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق، آڈیٹر جنرل آف پاکستان مقبول احمد گوندل اور پاکستان میں یونیسیف کی نمائندہ پرنیل آئرن سائیڈ سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی خطاب کیا۔ اختتامی کلمات میں چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی نگرانی، شفافیت اور عوامی مالیاتی احتساب کے فروغ کے لیے یونیسیف کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ ورکشاپ قومی وسائل کے مؤثر استعمال اور عوام کی زندگیوں میں مثبت اور بامعنی تبدیلی لانے کے لیے قابلِ عمل سفارشات مرتب کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔











