ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم میں بہتری کے لیے قائم کمیٹی کا اجلاس

11

اسلام آباد، 11 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم کی ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم (ای ایف ایس) کا جائزہ لینے کے لیے قائم کمیٹی کا پانچواں اجلاس وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں برآمد کنندگان کو مزید سہولیات فراہم کرنے اور اسکیم کو مؤثر بنانے کے لیے مجوزہ ترامیم کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اسکیم کو مزید آسان، شفاف اور برآمد کنندگان کی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ مجوزہ ترامیم کا مقصد برآمد کنندگان کے لیے طریقہ کار کو سہل بنانا، کاروباری لاگت میں کمی، نئی سرمایہ کاری اور مقامی سطح پر ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینا اور برآمدی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت برآمد کنندگان کو سہولیات کی فراہمی، طریقہ کار کو آسان بنانے اور کاروباری برادری کے ساتھ مسلسل مشاورت کے ذریعے ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسکیم کے تحت یکساں طریقہ کار اور شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے برآمدات کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

اجلاس میں وزارت تجارت، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)، پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ٹی ای اے)، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ممتاز برآمد کنندگان کے نمائندوں نے شرکت کی۔