معدنی شعبے میں سرمایہ کاری اور عالمی شراکت داری کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، جام کمال خان

8

اسلام آباد، 12 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ووڈ میکنزی کے وفد نے ملاقات کی جس میں معدنی شعبے میں سرمایہ کاری، عالمی شراکت داری اور پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل کے وسیع ذخائر کے باعث عالمی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع رکھتا ہے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری سے ملکی برآمدات، روزگار اور معاشی ترقی کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان میں تانبے، لوہے، اینٹیمنی اور قیمتی پتھروں سمیت مختلف معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ معدنی وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر ملکی برآمدات میں اضافہ اور صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معدنی شعبے میں سرمایہ کار دوست پالیسیوں، کان کنی کے جدید آلات تک آسان رسائی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کے ذریعے سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے مقامی کان کنوں کو عالمی کمپنیوں سے منسلک کرنے، مشترکہ منصوبوں، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور معدنیات کی ویلیو ایڈیشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تانبے کی ریفائننگ اور متعلقہ صنعتوں میں سرمایہ کاری کے امکانات بھی روشن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیرف اصلاحات، بہتر تجارتی رسائی اور معدنیات کی تلاش، پراسیسنگ اور تجارت میں عالمی تعاون کے فروغ سے پاکستان کی معدنی برآمدات کو نئی جہت دی جا سکتی ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معدنی وسائل اور سرمایہ کاری کے مواقع سے متعارف کرانے کا اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔ حکومت معدنی وسائل کو معاشی ترقی، برآمدات میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔