اسلام آباد، 12 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں متوازن آبادی، بہتر معیارِ زندگی اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے مربوط قومی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، جس میں صحت، تعلیم، خواتین کی معاشی خودمختاری اور عوامی آگاہی کو خصوصی اہمیت حاصل ہو۔
نیشنل پاپولیشن کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آبادی کے اعدادوشمار قومی منصوبہ بندی، وسائل کے مؤثر استعمال اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے اہم رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ آبادی اور وسائل میں توازن پائیدار ترقی اور معاشی خوشحالی کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آبادی کے بہتر انتظام کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔ اس مقصد کے لیے صحت، تعلیم، کمیونٹی آگاہی اور سماجی رویوں میں مثبت تبدیلی کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آبادی کے معاملات کا تعلق صرف صحت اور خاندانی منصوبہ بندی سے نہیں بلکہ بچیوں کی تعلیم، خواتین کی معاشی خودمختاری اور سماجی شعور کے فروغ سے بھی ہے۔ ان شعبوں میں بہتری کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی اور قومی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
احسن اقبال نے قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ترقیاتی ترجیحات کو آبادی کے متوازن رجحانات سے ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کو ترقی اور پائیداری کے اشاریوں سے منسلک کرنے سے صوبوں میں متوازن ترقی کی حوصلہ افزائی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آبادی کے بہتر انتظام، عوامی آگاہی اور قومی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے اشتراک سے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔











