اسلام آباد، 12 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ، سکوک مارکیٹ کو وسعت دینے اور شریعت سے ہم آہنگ سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ سکوک مارکیٹ میں نئی مالیاتی سہولیات اور سرمایہ کاری کے متنوع ذرائع متعارف کرانے سے اس شعبے کی ترقی کو مزید تقویت مل رہی ہے۔
وہ پاکستان میں خودمختار سکوک کے اہم سنگ میل اور ہائبرڈ اینڈ شارٹ ٹرم سکوک کے اجرا کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے سکوک مارکیٹ میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور اس کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سکوک مارکیٹ میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شمولیت بڑھانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں بینکوں، مالیاتی اداروں اور نجی شعبے کا تعاون اہمیت رکھتا ہے۔
محمد اورنگزیب نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے سرمایہ کاری کے مواقع عام شہریوں تک پہنچانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید ڈیجیٹل ذرائع سے چھوٹے سرمایہ کاروں کی شمولیت کو فروغ دیا جا سکتا ہے، جس سے اسلامی مالیاتی نظام کو مزید وسعت ملے گی۔
انہوں نے کارپوریٹ شعبے میں لسٹڈ سکوک کے اجرا کو بھی اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل گرڈ کمپنی کی جانب سے اس ضمن میں اقدامات دیگر کارپوریٹ اداروں کے لیے بھی نئی راہیں کھولیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور سینٹرل ڈپازٹری کمپنی سمیت تمام متعلقہ ادارے ایک جامع، متنوع اور مستحکم سکوک مارکیٹ کی تشکیل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں علم، فہم اور غوروفکر کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ قرآن کریم انسانوں کو اس کی تعلیمات پڑھنے، سمجھنے اور ان پر غور کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ قرآن پاک کے پیغام کو سمجھنے اور اس سے رہنمائی حاصل کرنے کے لیے انفرادی سطح پر سنجیدہ کوششیں ضروری ہیں۔











