اسلام آباد ،13 نومبر(اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں موبائل فونز اور الیکٹرانک ڈیوائسز کی مقامی مینوفیکچرنگ، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیوائسز مینوفیکچرنگ پالیسی تیار کی جا رہی ہے جس کا مقصد مقامی صنعت کو مضبوط بنانے اور پاکستان کو عالمی ویلیو چین کا حصہ بنانا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف چینی کمپنی شینزن ٹرانسشن ہولڈنگز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں موبائل فونز اور الیکٹرانک ڈیوائسز کی مقامی تیاری، سرمایہ کاری کے مواقع اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سیکریٹری صنعت و پیداوار احسان علی منگی اور جوائنٹ سیکریٹری فریدون اکرم شیخ بھی موجود تھے۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ موبائل فونز اور الیکٹرانک ڈیوائسز کی مکمل مقامی مینوفیکچرنگ حکومت کی پالیسی کی اہم ترجیح ہے۔ نئی موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیوائسز مینوفیکچرنگ پالیسی سے مقامی پیداوار، پرزہ جات کی تیاری اور برآمدات کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق مقامی صنعت کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو ہدایت کی گئی ہے کہ مجوزہ پالیسی کی تیاری میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے تاکہ صنعت کی ضروریات کے مطابق جامع حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔
مشیر صنعت و پیداوار نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور مقامی مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان الیکٹرانکس، موبائل ڈیوائسز کی تیاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
ملاقات کے دوران ٹرانسشن ہولڈنگز کے وفد نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری اور مقامی مینوفیکچرنگ کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ کمپنی نے ڈیپ لوکلائزیشن اور مقامی سطح پر موبائل فونز و الیکٹرانک ڈیوائسز کی تیاری کے فروغ کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔











