اسلام آباد، 13 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمعہ کو یہاں وزیراعظم آفس میں آئیون ھو مائنز کے بانی اور ایگزیکٹو شریک چیئرمین رابرٹ فریڈلینڈ نے ملاقات کی جس میں ملک کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور حکومت تانبے، سونے اور دیگر اہم معدنیات کے وسیع ذخائر کو بروئے کار لانے کے لیے عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے موزوں ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ترجیحی معدنیاتی سرمایہ کاری کی منزل قرار دینا، عالمی سرمایہ کاروں کے پاکستان کی معدنی استعداد اور سرمایہ کاری کے سازگار ماحول پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے آئیون ھو مائنز کی جانب سے پاکستان میں دلچسپی لینے اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ملکی معدنی ذخائر سے استفادہ کر کے ملکی معیشت اور عوام کی خوشحالی میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے آئیون ھو مائنز کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔ ملاقات میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے موقع پر ہونے والے مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے پر بھی بات چیت کی گئی، جسے وزیراعظم نے انتہائی خوش آئند امر قرار دیا۔
اس موقع پر وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت، علاقائی امن و استحکام اور معاشی اصلاحات کے لیے ان کی کوششوں کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، وزیراعظم کے معاونینِ خصوصی طارق فاطمی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔











