اسلام آباد، 13 نومبر ( اے پی پی):انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مابین تحریری معاہدے کے تحت پاکستان 24 سال کے طویل وقفے کے بعد 2027ء کی پہلی سہ ماہی میں “ایف آئی ایچ نیشنز کپ” (FIH Nations Cup) کی میزبانی کرے گا، جس میں دنیا بھر سے 10 بین الاقوامی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پاکستان ہاکی کی بحالی اور فروغ کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل طے ہوا جس کے حوالے سے جمعہ کو گن اینڈ کنٹری کلب اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کی موجودگی میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) کے صدر طیب اکرام نے اس کا باضابطہ اعلان کیا ۔ اس موقع پر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مابین تحریری معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے۔
تقریب میں وفاقی پارلیمانی وزیر وجیہہ قمر، سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ و صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی کے علاوہ قومی ہاکی لیجنڈز اور مختلف ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے یہ فیصلہ پاکستان میں کھیلوں کے بڑے اور عالمی معیار کے ایونٹس منعقد کرنے کی صلاحیت اور استعداد پر عالمی برادری کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے، جس سے شائقینِ ہاکی کو اپنے ہی ملک میں عالمی معیار کی انتہائی سنسنی خیز اور مسابقتی بین الاقوامی ہاکی دیکھنے کا شاندار موقع میسر آئے گا۔











