خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 16 خوارج ہلاک، دو سکیورٹی اہلکار شہید

7

 

راولپنڈی ،14نومبر  (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں میر علی، دتہ خیل اور گردونواح کے علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشنز کے دوران سکیورٹی فورسز نے 16 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والوں میں دو افغان شہری بھی شامل ہیں، جن کا تعلق بھارت کی سرپرستی میں چلنے والے ’فتنہ الخوارج‘ سے ہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری  اعلامیہ  کے مطابق، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران علی خیل میں 12 خوارج (بشمول دو افغان شہری) جہنم واصل  کئے گئے  جبکہ میر علی اور دتہ خیل میں   بھی 2، 2 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔ اس کارروائی سے علاقے میں سرگرم خوارج کے نیٹ ورک کو کاری ضرب لگی ہے۔ ان جھڑپوں کے دوران وطن کے دو بہادر سپوتوں، حوالدار عصمت علی (عمر 43 سال، رہائشی ضلع صوابی) اور نائیک آفتاب علی (عمر 32 سال، رہائشی ضلع مردان) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ہلاک ہونے والے، بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے  خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ یہ عناصر بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان علاقوں میں چھپے ہوئے باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے ’سینیٹائزیشن آپریشنز‘ جاری رہیں گے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ’عزمِ استحکام‘ (جس کی منظوری نیشنل ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی نے دی تھی) کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم پوری شدت سے جاری رہے گی، جس کا مقصد ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ  اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔