اسلام آباد، 16 نومبر (اے پی پی): تحریکِ آزادی کے اہم رہنماؤں میں ایک نمایاں نام چوہدری رحمت علی کا ہے، جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی جداگانہ قومی شناخت اور آزاد وطن کے تصور کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور پاکستان کا نام تجویز کرکے تاریخ میں منفرد مقام حاصل کیا۔
چوہدری رحمت علی نے کیمبرج، برطانیہ سے اپنا تاریخی پمفلٹ Now or Never شائع کیا، جس کے ذریعے پہلی مرتبہ پاکستان کا نام متعارف کراتے ہوئے برصغیر کے مسلم اکثریتی علاقوں پر مشتمل علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا۔
انہوں نے اپنی تحریروں، علمی کاوشوں اور سیاسی جدوجہد کے ذریعے مسلمانوں کے جداگانہ تشخص اور خودمختار مستقبل کے تصور کو فروغ دیا۔
چوہدری رحمت علی کی فکری و نظریاتی خدمات تحریکِ پاکستان کے ابتدائی سفر کا اہم حصہ ہیں۔ پاکستان کا نام تجویز کرنے اور تحریکِ آزادی کے لیے ان کی گراں قدر خدمات پر ان کا نام قومی تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔











