اسلام آباد، 17 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ معاشی و مالی استحکام یقیناً ضروری ہے، تاہم موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات نہ کرنے کی قیمت اس سے کہیں زیادہ ہے۔
وہ منگل کو پاکستان پویلین میں کفایت شعاری کے موضوع پر منعقدہ پارلیمانی مکالمے سے خطاب کر رہے تھے۔ مکالمے میں پاکستان، ایتھوپیا، یوگنڈا اور جاپان کے پارلیمانی رہنماؤں اور ماہرین نے شرکت کی۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ مالیاتی پائیداری کے حصول کی کوششوں میں عوام کو موسمیاتی اثرات سے تحفظ فراہم کرنے کا عمل ہرگز کمزور نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی کفایت شعاری پالیسیوں کے باعث ٹیکسوں میں اضافہ ہوا اور موسمیاتی ترقی کے عمل کو نقصان پہنچا۔
مکالمے کے دوران پیش کی گئی پانچ کلیدی پارلیمانی سفارشات پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے زور دیا کہ مالی اور ٹیکس پالیسیوں کو موسمیاتی اثرات سے ہم آہنگ کیا جائے اور تمام بڑے مالی فیصلوں کے لیے موسمیاتی اثرات کا جائزہ لینا لازمی قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قابلِ تجدید توانائی کی پالیسی کو مستحکم اور قابلِ پیش گوئی رکھا جائے جبکہ صاف توانائی میں سرمایہ کاری کرنے والے گھرانوں اور کاروباروں کی حوصلہ شکنی یا انہیں ٹیکسوں کے ذریعے سزا نہ دی جائے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ موسمیاتی موافقت کو محض ایک خرچ تصور کرنے کے بجائے پیداواری سرمایہ کاری سمجھا جائے، اور موسمیاتی لچکدار زراعت، پانی کے مؤثر انتظام اور پیشگی اطلاع (ارلی وارننگ) کے نظام پر بھرپور سرمایہ کاری کی جائے۔
عالمی مالیاتی ڈھانچے کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے مطالبہ کیا کہ عالمی قرضوں کے نظام میں اصلاحات لاتے ہوئے “ڈیٹ فار کلائمیٹ سویپس” متعارف کرائے جائیں، اور قدرتی آفات سے متاثرہ ممالک کو رعایتی فنانسنگ اور قرضوں کی ادائیگی میں نرمی فراہم کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موسمیاتی فنانسنگ پر پارلیمانی نگرانی کو مزید مضبوط بنایا جائے اور موسمیاتی مالی امور پر سالانہ رپورٹنگ کو لازمی قرار دیا جائے۔











