اسلام آباد، 17 نومبر (اے پی پی): اسلام آباد میں گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ 2026 کے سلسلے میں بین الاقوامی بدھ مت مذہبی راہنماؤں اور دانشوروں کا وفد اسلام آباد میوزیم پہنچ گیا۔
وفد میں تھائی لینڈ، لاؤس، ویتنام، جاپان، کمبوڈیا، سری لنکا، جنوبی کوریا اور بنگلہ دیش کے بدھ مت مذہبی رہنما شامل ہیں۔
وفد نے اسلام آباد میوزیم میں گندھارا تہذیب کے قدیم آثار، بدھ مت کے نوادرات اور گوتم بدھ کے تاریخی مجسموں کا مشاہدہ کیا۔
بدھ مذہبی راہنماؤں نے میوزیم میں گندھارا کی تاریخ اور ثقافتی ورثے پر مبنی جدید ڈیجیٹل پیشکش میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔
قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کی جوائنٹ سیکرٹری سیدہ تنزیلہ سباحت نے وفد کے ہمراہ دورہ کیا۔گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ وزیراعظم کے گندھارا ٹاسک فورس کے کوآرڈینیٹر عمران شوکت کی قیادت میں منعقد کیا جا رہا ہے۔
تین روزہ گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا موضوع ‘‘مشترکہ مستقبل کی جانب’’ ہے۔
ڈائیلاگ میں بین الاقوامی بدھ قیادت، مذہبی دانشور، ماہرین اور پاکستانی متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک ہیں۔
ڈائیلاگ میں گندھارا ورثے کے تحفظ، تحقیق، عالمی تشہیر اور مذہبی زائرین کی سہولت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
عمران شوکت کے مطابق گندھارا مشترکہ تہذیبی ورثہ اور ثقافتی سفارت کاری، بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی تعاون کا مؤثر ذریعہ ہے۔ پاکستان بین الاقوامی بدھ برادری کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔











