اسلام آباد میں سموگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کا جائزہ، فٹنس و ایمیشن ٹیسٹ کے بغیر گاڑیوں کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ

4

اسلام آباد، 17 نومبر (اے پی پی): وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت اسلام آباد میں سموگ کی روک تھام اور فضائی آلودگی میں کمی کے اقدامات کا جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں اسلام آباد میں سموگ کی موجودہ صورتحال، ایئر کوالٹی انڈیکس اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

طلال چوہدری نے اسلام آباد میں فضائی آلودگی پر قابو پانے اور سموگ کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط اور مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی اسلام آباد میں انسدادِ سموگ کے اقدامات اور ان پر عملدرآمد کے پورے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ رواں سال اکتوبر اور نومبر میں اسلام آباد کا ایئر کوالٹی انڈیکس گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں بہتر رہا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فٹنس اور ایمیشن ٹیسٹنگ کے بغیر گاڑیوں کا اسلام آباد میں داخلہ بند کیا جائے گا۔ کھلے عام آگ لگانے اور سموگ کا باعث بننے والی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔

وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج، گرفتاریاں اور بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔ دھواں چھوڑنے والے بھٹوں اور صنعتی یونٹس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کا تعاون سموگ کے تدارک اور فضائی معیار میں بہتری کے لیے انتہائی اہم ہے، عوام کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز جنرل اور ریونیو، ایس ایس پی آپریشنز، چیف ٹریفک آفیسر، ڈائریکٹر انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی، ڈائریکٹر ایکسائز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔