پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، جام کمال خان

11

اسلام آباد، 17 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک مشترکہ سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور تجارتی شراکت داری کے ذریعے باہمی اقتصادی روابط کو فروغ دے سکتے ہیں۔

وہ ایگزیکٹو لیڈرشپ ٹریننگ پروگرام میں شریک بنگلہ دیش کے اعلیٰ سرکاری افسران سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں پاکستان کے سینئر بیوروکریٹس اور اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ترجیحی یا آزاد تجارتی معاہدے کے امکانات کا جائزہ لینے کے ساتھ مشترکہ ورکنگ گروپ اور فزیبلٹی اسٹڈیز کے ذریعے دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیرف اصلاحات کا مقصد پیداواری لاگت میں کمی، صنعتی مسابقت میں اضافہ اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ دونوں ممالک بندرگاہوں، لاجسٹکس، زراعت، ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی عالمی تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے نئے امکانات پیدا کر رہی ہیں جبکہ دونوں ممالک افریقی منڈیوں میں بھی مشترکہ تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی، جدید زراعت اور ہنرمند افرادی قوت کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے اور مصنوعات کے معیارات کی باہمی منظوری سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔

وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ بنگلہ دیش کے دورے کے دوران صنعتی ترقی، شپ ری سائیکلنگ اور بندرگاہوں کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لینے کا موقع ملا۔ دونوں ممالک کے درمیان سرکاری حکام، کاروباری شخصیات اور تجارتی وفود کے باہمی دورے اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی پائیدار اقتصادی شراکت داری کا خواہاں ہے۔ اس موقع پر بنگلہ دیشی وفد نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔