کوئٹہ، 17 نومبر(اے پی پی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی انٹر اسکول ہاکی ٹورنامنٹ 2026 کا فائنل میچ اقرا روزۃ القران للاطفال اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول ہزارہ سوسائٹی کے مابین کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری تعلیم بلوچستان لعل جان جعفر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں معاونِ خصوصی برائے داخلہ بابر یوسفزئی سیکرٹری کھیل درا بلوچ، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز یاسر بازئی،اسپیشل سیکرٹری تعلیم رضوان قدیر، ڈپٹی سیکرٹری تعلیم جاوید کرد ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر نصیر احمد شاہ،، بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید امین شاہ،،اور اقراء اسکولز کے ضلعی صدر محمد شاکر سمیت دیگر اعلیٰ حکام، کھیلوں سے وابستہ شخصیات، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔اس موقع پر سیکرٹری تعلیم سکولز لعل جان جعفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل طلبہ کی تعلیم و تربیت کا ایک اہم حصہ ہیں ۔ کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں میں نظم و ضبط، برداشت، خود اعتمادی، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتیں پروان چڑھتی ہیں ۔ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ طلبہ تعلیم کے ساتھ ساتھ جسمانی اور ذہنی طور پر بھی صحت مند رہ سکیں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے ویژن کے مطابق حکومت بلوچستان نوجوان نسل کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور تعلیمی اداروں میں مثبت ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری کھیل درا بلوچ نے کہا کہ ہاکی بلوچستان کا ایک اہم کھیل ہے اور اسکولوں کی سطح پر اس طرح کے مقابلوں کا انعقاد مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش اور تربیت میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کے میدان نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے، صحت مند معاشرے کی تشکیل اور مثبت سوچ کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ہیں ۔ اسکولوں میں کھیلوں کے لیے مناسب سہولیات، کھیل کے میدانوں کی بہتری، معیاری کھیلوں کے سامان کی فراہمی اور طلبہ کو ضلعی، صوبائی اور قومی سطح کے مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
سیکرٹری تعلیم سکولز کا مزید کہنا تھا کہ اساتذہ، والدین اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون کریں ۔ حکومت بلوچستان تعلیم کے ساتھ کھیلوں کے فروغ کو بھی طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کا لازمی جزو سمجھتی ہے تقریب کے اختتام پر سیکرٹری تعلیم لعل جان جعفر نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں ، کھلاڑیوں ، اساتذہ اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہیں ، اصل کامیابی کھیل کے جذبے، محنت، نظم و ضبط اور مثبت مقابلے میں ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو مستقبل میں بھی محنت اور لگن کے ساتھ کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کی تلقین کی۔ تقریب کے اخر میں سیکرٹری تعلیم اسکولز لعل جان جعفر نے ونر گورنمنٹ بوائز ہائی سکول ہزارہ سوسائٹی رنراپ،اقرا روزۃ القران للاطفال کی ٹیموں اور ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کئے۔











