اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پارلیمانی سفارت کاری پاکستان اور اٹلی کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہےجبکہ پارلیمانیں عوام کے درمیان دوستی، اعتماد اور تعاون کے مستقل پل ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار اٹلی کے اعلیٰ سطحی وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں اٹلی کی وزارت خارجہ و بین الاقوامی تعاون کے سیکرٹری جنرل سفیر ریکارڈو گوارگلیا، پاکستان میں اٹلی کے سفیر اوگو چیئرلاتانی، اٹلی کی وزارت خارجہ و بین الاقوامی تعاون کی ڈائریکٹر جنرل نکولیٹا بومباردیئر اور پاکستان میں اٹلی کے سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن رابرٹو نیچیا شامل تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور اٹلی کے دیرینہ دوستانہ تعلقات، پارلیمانی سفارت کاری، علاقائی و عالمی صورتحال، تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ پارلیمانی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کو مستقل بنیادیں فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کو مزید فعال بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کمبوڈیا میں دو کامیاب بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنسز منعقد ہو چکی ہیں جبکہ تیسری کانفرنس انڈونیشیا میں ہوگی۔ انہوں نے عالمی کشیدگی میں کمی اور امریکہ و ایران کے درمیان مذاکرات کی سہولت کاری کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے اٹلی پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں توانائی، ٹیکنالوجی، صنعت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھائے۔
انہوں نے اٹلی میں مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے ہنرمند پاکستانیوں کے لیے تین سال کے دوران 10,500 روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے معاہدے کا خیرمقدم کیا۔ اطالوی وفد نے بتایا کہ تقریباً 3,500 پاکستانی طلبہ اٹلی کی جامعات میں زیر تعلیم ہیں جبکہ تقریباً 30 اطالوی جامعات نے پاکستانی تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کے معاہدے کیے ہیں۔ وفد نے تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے فیصل آباد میں پاکستان اٹلی ٹیکسٹائل سینٹر اور لاہور میں فٹ ویئر سینٹر کے ذریعے فنی تعلیم کے فروغ کے لیے اٹلی کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے گندھارا تہذیب سمیت پاکستان کے ثقافتی ورثے کے تحفظ میں اٹلی کے تعاون کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔ملاقات میں دونوں ممالک نے پارلیمانی، اقتصادی اور تعلیمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور پاکستان اور اٹلی کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔











