کوئٹہ، 17 نومبر(اے پی پی)اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی کی رولنگ کی روشنی میں محکمہ تعلیم کے سیکریٹری کو طلب کیا گیا، جہاں اراکین اسمبلی رحمت صالح بلوچ اور زابد علی ریکی کی جانب سے موسم سرما اور موسم گرما کی تعطیلات کے زونز سے متعلق معاملہ اٹھائے جانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اس سلسلے میں اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی کی زیر صدارت اسپیکر چیمبر میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر صادق علی عمرانی، رکن صوبائی اسمبلی اسد اللہ بلوچ، زابد علی ریکی، رحمت صالح بلوچ، سیکریٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ اور سیکریٹری سیکنڈری ایجوکیشن لال جان جعفر نے شرکت کی۔ اجلاس میں واشک اور پنجگور کے اضلاع میں موسم کی شدت اور تعلیمی اداروں کی تعطیلات کے موجودہ نظام پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
اراکین نے مؤقف اختیار کیا کہ ان علاقوں میں سردیوں کے دوران شدید سردی پڑتی ہے، جبکہ موجودہ نظام کے تحت گرمیوں میں تعطیلات دی جاتی ہیں ، جو مقامی موسمی حالات اور بچوں کے تعلیمی مفادات سے مطابقت نہیں رکھتیں ۔ سیکریٹری ایجوکیشن لال جان جعفر نے اجلاس کو بتایا کہ زونز کی تشکیل کے لیے مختلف اضلاع کے اوسط موسمی حالات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
بعض اضلاع کی یونین کونسلز میں موسمی حالات مختلف ہونے کے باعث زونز کا تعین مشکل ہو جاتا ہے۔ محکمہ کی کوشش ہے کہ ایک ہی ضلع کو دو مختلف زونز میں تقسیم نہ کیا جائے، کیونکہ اس صورت میں بعض اساتذہ کو سال میں دو مرتبہ تعطیلات کی سہولت حاصل ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پالیسی سے متعلق حتمی فیصلہ منتخب عوامی نمائندوں کے اختیار میں ہے۔
اس موقع پر رکن اسمبلی اسد اللہ بلوچ نے کہا کہ کسی ضلع کو موسم سرما یا موسم گرما کے زون میں شامل کرنے کا فیصلہ صرف دفاتر میں بیٹھ کر نہیں کیا جانا چاہیے، بلکہ متعلقہ علاقوں کے عوام کی رائے اور زمینی حقائق کو بھی مدنظر رکھا جانا ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کے حکام کو خود متعلقہ اضلاع کا دورہ کرکے مقامی موسمی حالات کا جائزہ لینا چاہیے تھا۔ صادق عمرانی نے کہا کہ اس معاملے میں سابقہ نظام کو بحال کیا جانا چاہیے۔ زابد علی ریکی نے کہا کہ وہ غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کی کسی صورت حمایت نہیں کرتے اور تعلیمی نظام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ زونز کی تبدیلی کا معاملہ کسی استاد کا ذاتی مسئلہ نہیں بلکہ عوام اور بچوں کے مفادات سے وابستہ ہے، اور اس سلسلے میں کسی استاد نے ان سے رجوع بھی نہیں کیا۔
اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے کہا کہ بظاہر یہ معاملہ انتظامی نوعیت کا ہے، تاہم سابقہ نظام زیادہ موزوں تھا اور اسے بحال کرنے کے پہلو پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محض ایک یونین کونسل کی بنیاد پر پورے ضلع کو مختلف زونز میں تقسیم کرنا مناسب نہیں ۔ اگر کسی ضلع کی 90 فیصد آبادی ایک ہی زون کے موسمی حالات سے مطابقت رکھتی ہے تو پورے ضلع کو اسی زون میں شامل کیا جانا چاہیے۔
اسپیکر نے محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام زونز کے امتحانات بیک وقت منعقد کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔ تاہم انہوں نے ہدایت کی کہ زونز سے متعلق موجودہ فیصلے پر نظرثانی کی جائے اور بالخصوص واشک اور پنجگور کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔
اسپیکر اور اجلاس میں شریک اراکین نے سیکریٹری ثانوی تعلیم لال جان جعفر اور محکمہ تعلیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے سربراہان کو مناسب مدت تک اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کا موقع ملنا چاہیے تاکہ وہ محکمے کے مسائل، ضروریات اور انتظامی معاملات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں ۔ اسپیکر نے سیکریٹری تعلیم کو ہدایت کی کہ زونز کے تعین میں متعلقہ ضلع کی اکثریتی آبادی اور موسمی حالات کو بنیادی اہمیت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام معاملے میں بچوں کے تعلیمی مفادات کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔











