وزیراعظم شہباز شریف سے آزاد کشمیر قیادت کی ملاقات،ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال

10

مظفر آباد، 18 نومبر( اے پی پی):وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے ترقیاتی امور،عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور وفاقی حکومت کے تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی حکومت کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گی،جیسا کہ ماضی میں بھی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا گیا ہے۔

ملاقات میں آزاد کشمیر کی عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے پنجاب حکومت کے فعال کردار پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کشمیری عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر پوری توانائی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،وفاقی وزراء احسن اقبال، انجینئر امیر مقام،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، سینیٹر پرویز رشید،سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب،رکن آزاد جموں و کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر، مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔