اسلام آباد، 18 نومبر(اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے امریکن بزنس کونسل کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی بھی موجود تھے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے امریکن بزنس کونسل کے وفد کو پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے پاک امریکہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ میں کاروباری برادری کے کردار کو سراہا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے وفد کو پارلیمانی نظام اور قانون سازی کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے روابط مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت نے کاروباری برادری کیلئے سرمایہ کار دوست پالیسیاں متعارف کر رکھی ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور تحفظ کیلئے قانون سازی میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں پارلیمان اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے باہمی تعاون اور مسلسل روابط ضروری ہیں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری اور کاروباری اشتراک بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تجارتی تعلقات کے استحکام کے لیے پارلیمانی تعاون اور مکالمہ ضروری ہے۔ بیرون ممالک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔
امریکن بزنس کونسل کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر پرتپاک استقبال پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے کاروباری برادری کے مسائل کیلئے گہری دلچسپی کو سراہا۔











