کوئٹہ،18 نومبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری کی زیرِ صدارت ریونیو اسٹاف کا اہم اجلاس منعقد ہوااجلاس میں تحصیلدار قلات، تحصیلدار خالق آباد، محاسب، قانون گو قلات و خالق آباد اور دونوں تحصیلوں کے پٹواریوں نے شرکت کی۔اجلاس میں زرعی انکم ٹیکس کی وصولی، ریونیو ریکارڈ کی درستگی، درخواست گزاروں کو درپیش مسائل کے حل، سرکاری امور کی بروقت انجام دہی اور دیگر متعلقہ معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری نے کہا کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ عوام اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان ایک اہم رابطے کا ذریعہ ہے۔ ریونیو ریکارڈ کی درستگی، شفافیت اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ تمام ریونیو افسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، محنت اور پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ انجام دیں اور سائلین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کے عمل کو مثر اور شفاف بنایا جائے جبکہ ریونیو ریکارڈ کی بروقت تکمیل اور درستگی کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔











