کوئٹہ، 17 نومبر(اے پی پی)ڈائریکٹر جنرل صحت بلوچستان ڈاکٹر امین خان مندوخیل نے میر عبدالغفور کلمتی ٹیچنگ ہسپتال گوادر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) اور دیگر طبی شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج معالجے کے انتظامات اور طبی عملے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حفیظ بلوچ نے ڈی جی صحت بلوچستان کو ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، دستیاب طبی سہولیات، عملے کی صورتحال، درپیش مسائل اور جاری اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈاکٹر امین خان مندوخیل نے دورے کے دوران تھیلیسیمیا سینٹر اور ڈائلیسز یونٹ کا بھی معائنہ کیا اور وہاں زیر علاج مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج کے انتظامات اور ضروری طبی آلات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے لیبارٹری اور ڈرگ اسٹور کا دورہ کرتے ہوئے ادویات کے ذخیرے، دستیابی اور مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔
ڈی جی صحت بلوچستان نے ہسپتال میں خالی آسامیوں پر جلد بھرتیوں کے لیے اعلیٰ حکام سے رابطہ کرنے اور ضروری اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ طبی عملے کی کمی دور کرنا صحت کی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈاکٹرز، نرسنگ اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی بروقت حاضری یقینی بنائی جائے اور تمام ملازمین اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری دیانت داری، احساسِ ذمہ داری اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت انجام دیں تاکہ ہسپتال آنے والے مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈاکٹر امین خان مندوخیل نے پولیو کے خاتمے کے لیے جاری مہم کو مزید مؤثر بنانے، تمام بچوں تک رسائی یقینی بنانے اور مہم کے دوران درپیش رکاوٹوں کو فوری دور کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس مقصد کے لیے متعلقہ اداروں اور عملے کو مکمل سنجیدگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔
اس موقع پر ڈی جی صحت بلوچستان ڈاکٹر امین خان مندوخیل نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان عوام کو معیاری، مؤثر اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی بہتری، ادویات کی دستیابی، عملے کی کمی دور کرنے اور صحت کے نظام کو مزید فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوروں کا بنیادی مقصد صحت کے اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینا، عوام کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کرنا اور ان کے فوری حل کے لیے ضروری اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔











