آنے والی نسلوں کے لئےصاف اور محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنانا ہو گی : صدر مملکت

245

اسلام آباد، 18 دسمبر (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں ماحولیاتی خطرات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں بڑے پیمانے پر شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرٹ لوگوں کو ایسے چیلنجز سے آگاہی دینے میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے-

پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں ”آرٹ فار کلائمیٹ چینج“ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  صدر نے کہا کہ ان مسائل پر قابو پانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کےلئے  صاف اور محفوظ ماحول کی فراہمی نا صرف  یقینی بنانا ہو گی بلکہ اس  کےلئے خاطر خواہ  اقدامات کرنا ہوں گے۔

 صدر مملکت نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے ملکی سیاحتی علاقوں میں منفی اثرات کو دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، ان اثرات اور ان سے انسانی زندگیوں کو لاحق خطرات کے پیش نظر تمام متعلقہ شراکت داروں کی طرف سے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، ہمیں ماحولیاتی مسائل کے پیش نظر گھر کی سطح پر شجرکاری اور سبزیوں کی کاشت کو فروغ دینا ہو گا جبکہ اس حوالہ سے بچوں میں آگاہی پیدا کرنا ہو گی، ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے آنے والی نسلوں کو بچانے کےلئے انتہائی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

اے پی پی / عمار برلاس / شاہ زیب

وی این ایس اسلام آباد