معاشرے میں مساوی مواقع صرف تعلیم کے ذریعے حاصل ہوتے ہیں : ڈاکٹر عارف علوی

264

اسلام آباد، 29 جنوری (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشرے میں مساوی مواقع صرف تعلیم کے ذریعے حاصل ہوتے ہیں، تعلیم کے میدان میں خواتین بہت محنت کر رہی ہیں، خواتین کی ترقی کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

ایوان صدر میں وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام سالانہ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں یکساں تعلیمی نظام کی اشد ضرورت ہے۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے میدان میں خواتین بہت محنت کر رہی ہیں، پیشہ وارانہ تعلیمی اداروں میں خواتین تعلیمی سرگرمیوں میں آگے ہیں۔ خواتین کی ترقی کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک میں مردوں اور خواتین کیلئے یکساں مواقع ہونا ضروری ہے، انگلش اور اردو میڈیم نظام تعلیم نے معاشرے میں تقسیم پیدا کی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں یکساں تعلیمی نظام کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلش ، اردو میڈیم اور مدرسوں میں یکساں نصاب ہونا چاہئے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں 2 کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں، ہمیں انہیں بھی تعلیمی دھارے میں شامل کرنا ہو گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ معاشرے میں مساوی مواقع صرف تعلیم کے ذریعے حاصل ہوتے ہیں۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نمایاں کارکردگی پر طلباءو طالبات میں میڈلز تقسیم کئے جبکہ پوزیشن ہولڈرز طلباءو طالبات میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے گئے۔

اے پی پی / عمار برلاس/شاہ زیب

وی این ایس اسلام آباد