جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 26 ویں چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

31

اسلام آباد، 18 جنوری (اے پی پی):جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 26 ویں چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جمعہ کو ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں ان سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان، سپریم کورٹ کے جج صاحبان، وفاقی کابینہ کے ارکان، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، سروسز چیفس، گورنرز، وکلاءاور دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ 21 دسمبر 1954ءکو ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1969ءمیں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ملتان سے میٹرک کیا اور بورڈ میں 5 ویں پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے 1971ءمیں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن لاہور سے انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے1973ءمیں گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے کی ڈگری حاصل کرتے ہوئے اول پوزیشن حاصل کی اور بعدازاں 1975ءمیں یونیورسٹی آف پنجاب سے انگلش لینگوئج اور لٹریچر میں ماسٹرز کیا۔ 1978ءمیں کوئنز کالج‘ یونیورسٹی آف کیمبرج برطانیہ سے ایل ایل ایم کیا۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ 13 نومبر 1979ءکو لاہور ہائیکورٹ جبکہ 12 ستمبر 1985ءکو سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ کی حیثیت سے انرول ہوئے۔ وہ آئین و قانون کے حوالے سے کئی کتب کے مصنف ہیں جبکہ مختلف آئینی و قانونی مسائل پر ان کے متعدد مضامین و تحقیقی مقالے بھی شائع ہوچکے ہیں۔

چیف جسٹس 21 مئی 1998ءمیں لاہور ہائیکورٹ جبکہ 18 فروری 2010ءکو سپریم کورٹ کے جج تعینات ہوئے۔ انہوں نے اب تک تقریباً 19 برسوں کے اپنے کیریئر کے دوران تقریبا 55 ہزار مقدموں کے فیصلے کئے۔ وہ مختلف ممالک میں بین الاقوامی کانفرنسوں و سمیناروں میں پاکستان کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔

اے پی پی /حمزہ/حامد

وی این ایس اسلام آباد