وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی کویت کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ صباح خالد الحماد الصباح سے ملاقات

279

کویت،19مئی(اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کویت کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ صباح خالد الحماد الصباح سے یہاں اتوار کے روز ملاقات کی،ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے کویتی ہم منصب کو رمضان شریف کی مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ، کویت کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے،پاکستان کی حکومت اور عوام امیر کویت اور کویتی حکومت کیلئے دلی احترام کا جذبہ رکھتے ہیں جبکہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دیرینہ ،برادرانہ دو طرفہ تعلقات کو اقتصادی شراکت داری کے ذریعے مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے۔

وزیر خارجہ نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کے موقف کی حمایت کرنے اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے غیر مستقل ممبر  ہونے کے ناطے، ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنے پر اپنے کویتی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد پاکستانی تارکین وطن، کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں،ان کے علاوہ  خلیج میں قیام پذیر لاکھوں پاکستانی کویت مارکیٹ تک رسائی چاہتے ہیں لیکن ویزہ پابندیاں ان کے راستے میں حائل ہیں۔

کویتی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے،کویت کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات قابلِ قدر ہیں ۔

کویتی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو یقین دلایا کہ وہ ویزوں کی بندش کو از سر نو دیکھیں گے اور پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرینگے۔

سورس:وی این ایس، اسلام آباد