ازبکستان کے لیے نامزد سفیر کی صدر ممنون سے ملاقات

348

 


اسلام آباد اپریل 26 (اے پی پی): صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ازبکستان وسط ایشیا کا اہم ترین ملک ہے اور پاکستان ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی قد ر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں ازبکستان کے لیے نامزد سفیر ڈاکٹر عرفان یوسف شامی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
صدر مملکت نے ڈاکٹر عرفان یوسف شامی کو ازبکستان میں سفیر تعینات ہونے پر مبارک باد دیتےہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرور ت ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ تجارتی حجم میں اضافہ کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان زمینی راستے اور گیس پائپ لائن کی تکمیل پر توجہ دی جائے تاکہ پاکستان میں توانائی کا مسئلہ جلد حل ہو سکے۔صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ زراعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ازبکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لیے لائحہ عمل بنایا جائے۔
صدر مملکت نے نامزد سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مصنوعات کو مؤثر طور پر پیش کرنے کے لیے ازبکستان میں ڈسپلے سنٹر بنائے جائیں تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو سکے۔ انھوں نے اس مقصد کے لیے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے تعاون لینے کی ہدایت کی۔ صدر مملکت نے جامعات اور چیمبرز آف کامرس کے ساتھ روابط میں اضافے کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر ازبکستان کے لیے نامزد سفیر ڈاکٹر عرفان یوسف شامی نے اپنے تقرر پرصدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنے تجربات کی روشنی میں پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے بھر پور کردار ادا کر یں گے۔ اے پی پی حمزہ/ خالد

وی این ایس اسلام آباد