دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے : ایئر چیف مارشل سہیل امان

375

 

اسلام آباد مئی 24 (اے پی پی): پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور امن سے پیار کرتا ہے تا ہم اگر کسی بھی قسم کی جارحیت مسلط کی گئی تواس کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ایئر چیف نے یہ بات آج آپریشنل بیس پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ آپریشنل بیس قادری میں آج فضائی پیشہ ورانہ جنگی مشقیں جاری ہیں جہاں ایئر چیف نے خود لڑاکا طیارہ اڑا کر پاک فضائیہ کی ہردم تیاری کی عکاسی کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ مشقیں موسم گرما کی معمول کی تیاریوں کا حصہ ہیں جو کہ پورا سال جاری رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں اپنی فوج کو تیار رکھنے کے لئے کچھ بتانے کی ضرورت نہیں کیونکہ ہماری فورسز تجربہ کار اور ہمہ وقت آپریشنل رہتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں کسی کی دھمکیوں کو خاطر میں لانے کی ضرورت نہیں۔ ضرب عضب ہو یا ردالفساد، پاک فضائیہ نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جے ایف 17 کی پیداوار تین گنا بڑہا چکے ہیں اور جے ایف 17 میں جدید تقاضوں کے مطابق بہت بہتری لائی گئی ہے۔ ائیر ٹو ائیر ری فیولنگ کی صلاحیت تمام جہازوں میں کردی ہیں۔ ضروریات کے مطابق بہتری بھی لا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ائیرسرویلنس کیلئے اپنی ضروریات کے مطابق مختلف ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ہمیں کسی کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے کہ ہم تیا ر ہیں۔ قوم کو اعتماد ہونا چاہیئے کہ پاک فضائیہ ملکی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہر دم تیار ہے۔ پاک فضائیہ دنیا کی بہترین ایئر فورس ہے۔
اے پی پی/حمزہ/فاروق/mka ا ن م
وی این ایس، اسلام آباد