صدرمملکت ممنون حسین کی ایوان صدر میں تاجروں کے وفد سے ملاقات

330

اسلام آباد، نومبر24 (اے پی پی): صدرمملکت ممنون حسین  نے کہا ہےتاجروں کوٹیکس ریفنڈ بہت جلد شروع  کیا جائے گا تاکہ تاجر برادری  کا حکومتی اداروں پر اعتماد  بڑھے اور وہ عوامی  فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹیکس جمع کرائیں۔

صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں ملک عمر دین کی سربراہی میں تاجروں کے وفد سے ملاقات  میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ کراچی کےصنعتی زون کا انفراسٹرکچر بہتر بنایا جائے گا تاکہ سرمایہ کار زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر سکیں۔ انھوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے۔ کچھ عرصہ قبل کراچی کی صورت حال خراب تھی، حکومت نے بڑی محنت سے  امن وامان کی صورتِ حال کو بہتر بنایا ہے جس کی وجہ سے کراچی میں سرمایہ کاروں اور تاجروں کا اعتماد  بڑھا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سندھ میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سےعمل درآمد جاری ہے اورکراچی گرین  لائن بس سروس منصوبہ جو کراچی میں اپنی نوعیت کا واحد منصوبہ ہے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ  اس منصوبے سے کراچی کے لاکھوں افراد فائدہ اٹھا سکیں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ کراچی کے تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت تمام وسائل بروئے کارلا رہی ہے کیونکہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ  حکومت مقامی صنعت کو مستحکم کرنے کےلیے سنجیدگی سے کام  کر رہی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ  پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان اور چین دونوں کے مفاد میں ہے۔ انھوں نے  تاجروں کویقین دلایا کہ سی پیک کے تحت کوئی ایسا اقدام نہیں کیا جائے گا جس سے مقامی صنعت کو نقصان پہنچے۔ صدر مملکت نے کہا کہ  سی پیک کے تحت صنعتی زونز میں پاکستانی صنعت کاروں کو برابرکی نمائندگی ملے گی۔

صدر مملکت نے کہا  کہ کراچی کا ایک بڑا مسئلہ اسٹریٹ کرائم  بھی ہے جس کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر وفد کے چیئرمین ملک عمر دین نے صدر مملکت کو اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ صنعت و تجارت کی بہتری کے لیے موجودہ حکومت  شاندار کام کر رہی ہے۔

اے پی پی/حمزہ/فرح