تیزی سے رونما ہونے والی عالمی تبدیلیوں میں پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

243

اسلام آباد، 24 جنوری (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تیزی سے رونما ہونے والی عالمی تبدیلیوں میں پاکستان کے لیئے جہاں بہت سے مواقع موجود ہیں وہاں ہمیں بہت سے چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔ ہمارے سفارتکاروں کو ان چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔

فارن سروسز اکیڈمی میں اڑتیسویں سپیشلائزڈ  ڈپلومیٹک ٹریننگ کورس میں شامل افسران کی گریجویشن  تقریب سے  خطاب  میں وزیر خارجہ  نے کہا  کہ ہمارے سفارتکاروں کو خطے میں اور عالمی سطح پر موجود تجارتی اقتصادی مواقعوں کو بہترین سفارت کاری سے بروئے کار لانا ہے۔ہمیں  اپنی سفارتکاروں کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ہے کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں سے دنیا بھر میں پاکستان کی بہترین نمائندگی کریں گے۔ مجھے امید واثق ہے کہ ہمارے ڈپلومیٹس پوری تندہی سے ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔

انہوں نےکہا کہ پاکستان نے بہترین سفارت کار پیدا کیے لیکن آج ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن سے ہمیں عہدہ براہ ہونا ہے۔ ہمیں  معاشی سفارتکای اور سفارتکای کی نئی جہتوں پر بھی بھرپور توجہ دینا ہو گی۔

وزیر خارجہ نے تربیت مکمل کرنے والے نئے افسران کو مبارکباد پیش کیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کیے۔

تقریب میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ ،سابقہ ڈی جی اکیڈمی، ریٹائرڈ سینئر سفارتکار، اسلام آباد کے موقر تعلیمی اداروں کے نمائندگان اور تربیت مکمل کرنے والے افسران کی فیملیز نے  بھی شرکت کی۔

اے پی پی /حمزہ رحمٰن/قراۃالعین

سورس: وی این ایس، اسلام آباد