مستقبل کے نقطہ نظرسے ہم آہنگی پاک فضائیہ کا طرۂ امتیاز ہے: سربراہ پاک فضائیہ

250

اسلام آباد،25 جنوری( اے پی پی) : ” مستقبل کے نقطہ نظرسے ہم آہنگی پاک فضائیہ کا طرۂ امتیاز ہے جو جدید خیالات اور رجحانات سے سیکھنے کے لئے ہمہ وقت تیاررہتی ہے ” یہ بات پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ائیر پاور سینٹر آف ایکسیلنس میں کمبیٹ کمانڈرز سکول کے51ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔

گریجویٹ ہونے والے افسران سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ اس تربیت کے بعد آپ کی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس سے آپ پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں میں اضافے کے لئے مثبت کردار ادا کرسکیں گے۔ انہوں نے گریجویٹ ہونے والے افسران پر زور دیا کہ وہ اس شاندار ادارے سے حاصل کردہ تجربے اور تربیت کو نوجوان افسران تک منتقل کریں جو پاک فضائیہ کی آپریشنل استعدادکار کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم دورِ حاضر کے تقاضوں اور جدید تصورات سے بھر پور استفادہ حاصل کرنے کی صورت میں ہی پاک فضائیہ کی کمبیٹ ٹریننگ کو بلند معیار پر قائم رکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر گریجویٹ ہونے والے افسران میں سرٹیفکیٹ اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ بہترین کمبیٹ کمانڈرکی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی سکواڈرن لیڈر احمد سمیع نے حاصل کی جبکہ بہترین کمبیٹ کنٹرولر کی ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر ڈیفنس کمانڈ ٹرافی سکواڈرن لیڈر آصف گلزار کو عطا کی گئی۔

قبل ازیں ائیر چیف کی آمد پر بیس کمانڈر پی اے ایف بیس مصحف ،ائیرکموڈور فوادحاتمی نے ان کا استقبال کیا۔ تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسر ز کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ کمانڈرز نے بھی شرکت کی۔

حمزہ رحمٰن /فاروق

سورس: وی این ایس اسلام آباد