موجودہ دور حکومت میں پاک امریکہ تعلقات میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے: شاہ محمود قریشی

223

اسلام آباد،   22  جنوری(اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاک امریکہ تعلقات کے حوالےسے کہا کہ وزارت خارجہ کی ذمہ داری سنبھالنے پر دونوں ممالک کے تعلقات میں موجودکشیدگی ختم ہوئی اور  تعلقات ازسر نو بہتر بنانے کے مقصد میں کامیابی ہوئی ہے، موجودہ دور حکومت میں پاک امریکہ تعلقات میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔

اسلام آباد میں سرکاری میڈیا سےمختصر گفتگو کرتے ہوئےوزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی سینیٹر لنزے گراہم کی پریس کانفرنس دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کا عمل آگے بڑھنے کی عکاسی ہے۔کل تک جو انگلیاں اٹھاتے تھے، آج تعریف کے کلمات کہہ رہے ہیں ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے عمران خان کی ملاقات کی خواہش کا اظہار کیاگیا ہے جو اس بات کی غمازی ہے کہ موجودہ حکومت عالمی برادری سے خوشگوار تعلقات کےلیے پُر عزم ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک عارضی (ٹرانزیکشنل) تعلق کے بجائے پاک امریکہ سٹرٹیجک پارٹنر شپ کی طرف بڑھنے کی خواہش ظاہر کی جارہی ہے،سینیٹر لنزے گراہم نے دونوں ممالک میں سٹرٹیجک تعلقات کی طرف بڑھنے کے بہت سے اشارے بھی دئیے ہیں۔

 انہوں نے بتایا کہ امریکی سینیٹر نے عمران خان سے اتفاق کیا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔ آج دنیا عمران خان کی افغانستان کے سیاسی حل کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے تسلیم کررہی ہے کہ وزیر اعظم  درست کہتے ہیں۔

 شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ دنیا امن ومصالحت میں پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہوئے سمجھتی ہے کہ اس عمل میں پاکستان کا اہم کردار ہوگا۔

امریکی سینیٹرسے حالیہ ملاقات کے بارے میں انکا کہنا تھا کہ امریکی سینیٹرز پر واضح کیا کہ افغانستان میں ہم اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور کریں گے لیکن یہ ایک مشترکہ ذمہ داری ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ مسئلے کے حل کے لئے پاکستان کے ساتھ خطے کے دیگر ممالک کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

وی این ایس اسلام آباد

اے پی پی/ حمزہ /فرح