وزارت اطلاعات حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے اور اسکے مقاصد کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے: وزیر اعظم

259

اسلام آباد،14 جنوری(اے پی پی ):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور اسکے مقاصد کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ، مضبوط ، متحرک اور ذمہ دار میڈیا ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کو باخبر رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

وزارت اطلاعات کے مختلف محکموں کے سربراہان سے  ملاقات میں   گفتگو کرتے ہوئے  وزیر اعظم  عمران خان نے کہا کہ وزارت اطلاعات حکومتی پالیسیوں سے متعلق میڈیا کے ذریعے عوام کو باخبر رکھنے کے لیے مزید متحرک کردار ادا کرے۔ میڈیا سے متعلق حکومتی پالیسیوں کے بارے میں جان بوجھ کر کیے جانے والے من گھڑت پراپیگنڈے کے محرکات سے بخوبی آگاہ ہیں تاہم میڈیا کے ساتھ مل کر اس مذموم ایجنڈے کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی پہلی حکومت ہے جو ملک کی حالت زار بدلنے کے لیے اپنے منشور کے مطابق  اسٹرکچرل ریفارمز (ڈھانچہ جاتی اصلاحات) پر عمل پیرا ہے، ہماری کاوشوں کا مقصد ذاتی مفادات کا حصول نہیں بلکہ ملک اور ملکی عوام کی بہتری ہے۔ قوموں کی زندگی میں سٹرکچرل ریفارمز ہمیشہ تکلیف دہ مرحلہ ہوتے ہیں لیکن اس مشکل مرحلے کے بعد  اچھا اور خوشحال دور شروع ہوگا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزارتوں کے تعلقات عامہ کے افسران میڈیا کی معلومات تک کی رسائی اور درست انفارمیشن کی فراہمی میں متحرک کردار ادا کریں۔

ملاقات میں وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین ، معاونین خصوصی افتخار درانی اور یوسف بیگ مرزا بھی موجودتھے۔

اے پی پی /حمزہ/حامد

سورس:وی این ایس اسلام آباد