اسلام آباد،19فروری(اے پی پی ):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیکس چور قوم کے دشمن ہیں،ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، ٹیکس نادہندگان اور ٹیکس چوروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔
ملک میں ریونیو اکٹھا کرنے کے سلسلے میں کیے جانے والے حکومتی اقدامات کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ باقاعدگی سے ٹیکسز ادا کرنے والوں کو حراساں کرنے کے بجائے ٹیکس چوروں اور نادہندگان پر توجہ مرکوز کی جائے۔ ٹیکس چوروں کے خلاف بلا تفریق کاروائی کے ساتھ ساتھ ٹیکس چوری میں سہولت فراہم کرنے والے محکمے کے بدعنوان عناصر کے خلاف کاروائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں چئیرمین ایف بی آر نے ٹیکس اکٹھا کرنے، ٹیکس بیس میں اضافے اور نادہندگان سے ٹیکس وصولی کے لئے کیے جانے والے نئے اقدامات سے وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔
وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہائی نیٹ ورتھ افراد کے چھ ہزار سے زائد کیسز زیرِ غور ہیں جن سے کل دو ارب سے زائد کی آمدن متوقع ہے۔ اب تک ان میں 1.3ارب کی وصولی کی جا چکی ہے، معلومات اور تحقیقات کے چھیاسٹھ کیسزپر کام جاری ہے جن میں سے اب تک 1.5ارب روپے سے زائد کی وصولی ہوئی ہے جبکہ بیرون ملک جائیدادوں (آف شور ایسیٹس) کے کیسز میں اب تک چھ ارب سے زائد کے واجب الادا ٹیکسز اکٹھے کیے جا چکے ہیں۔
بریفنگ میں بتا یا گیا کہ ایف بی آر کی جانب سے اب تک دو ہزار پلازہ کی میپنگ کی جا چکی ہے جبکہ 2500سے زائد پوائنٹ آف سیل پر قابلِ وصول ٹیکس اکٹھا کرنے کے لئے خودکار نظام کی تنصیب کی جا چکی ہے، ایف بی آر کی جانب سے ان نئے اقدامات کے تحت 24.818ارب روپے کی وصولی متوقع ہے جبکہ اس میں سے اب تک 11.882ارب روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے چئیرمین ایف بی آر کو ہدایت کی کہ ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کے لئے آسانی اور انکی سہولت کاری کو یقینی بنایا جائے۔ قابلِ وصول ٹیکسز کواکٹھا کرنے کے لئے جدید طریقہ کار برؤے کار لائے جائیں تاکہ جہاں نا دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکے وہاں ٹیکس دہندگان کے لئے آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔
اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیرِ مملکت برائے ریونیو حماد اظہر، ترجمان ندیم افضل چن، معاون خصوصی افتخار درانی، چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان و دیگر افسران شریک تھے۔
اے پی پی /حمزہ/حامد
وی این ایس ، اسلام آباد











