پاکستان افغانستان میں سیاسی مصالحت کیلئے نیک نیتی سے اپنا تعاون جاری رکھے گا، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

217

اسلام آباد ، 5 اپریل (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، دیرپا تعمیر و ترقی کے ایجنڈے پر گامزن ہے، افغانستان میں امن و استحکام پاکستان سمیت پورے خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے بین الافغان مذاکرات کے حوالے سے پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ افغانیوں کے مابین مذاکرات کا انعقاد افغان مفاہمتی عمل کا اہم جزو ہے، پاکستان افغانستان میں سیاسی مصالحت کیلئے نیک نیتی سے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

وزیرخارجہ نے یہ بات جمعہ کو امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد سے یہاں ملاقات میں کہی جس میں افغان مفاہمتی عمل میں ہونے والی پیش رفت سمیت باہمی دلچسپی کے اہم دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ کو دوحہ مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت اور افغان امن عمل کے سلسلہ میں اپنی حالیہ مصروفیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور افغانستان میں اپنی اہم ملاقاتوں کے بارے میں بھی بتایا۔

سورس : وی این ایس، اسلام آباد