اسلام آباد ، 4 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلہ پر پوری مسلم امہ متحد ہے، آزادی کی تحریکوں کو طاقت کے زور سے دبایا نہیں جا سکتا، مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لئے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے، ہمیں جمہوریت اور انسانیت کا درس دینے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ انسانیت ہماری میراث ہے، پاکستان نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں اخلاقی فتح حاصل کی۔
جمعرات کو کشمیری ثقافت، ورثہ اور اسلامی تاریخ کے موضوع پر دو روزہ کانگریس کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں صدر مملکت نے کانگریس کے انعقاد کو بروقت اور قابل تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامک آرٹ اور کیلیگرافی ہمارے خطے کی خوبصورتی ہے، فن کو عوام سے دور نہیں کیا جا سکتا۔ ثقافتی ورثے کاتحفظ اور ترویج آئندہ نسلوں کو اپنی تاریخ سے آگاہ رکھنے کے لئے ضروری ہے۔
صدر مملکت نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی تحریکوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو طاقت کے زور پر دبایا نہیں جا سکتا۔ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل اقوام عالم کی توجہ چاہتے ہیں، انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کی شکار دنیا کو معلوم ہونا چاہیے کہ انسانیت ہماری میراث ہے۔ ہم تین دہائیوں سے زائد عرصہ سے افغان مہاجرین کی خوش اسلوبی سے میزبانی کر رہے ہیں، دنیا ہمیں جمہوریت اور انسانیت کا درس دیتی ہے لیکن پاکستان ہو یا ترکی مسلمان ممالک نے مہاجرین کی کھلے دل سے میزبانی کی ہے جبکہ دیگر ممالک نے مہاجرین بالخصوص شام سے ہجرت کرنے والوں کے لئے اپنی سرحدیں بند کردی تھیں۔
صدر مملکت نے کہاکہ ہم نے افغان مہاجرین کی کئی عشروں تک میزبانی کی اور انتہاپندی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی۔ یہ باتیں ہمارے لئے فخر کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انتہا پسندی کے حوالے سے جو کچھ بھارت میں ہو رہا ہے وہ باعث تشویش ہے۔ سیکولر انڈیا کے دعوے دم توڑ رہے ہیں۔ حالیہ پاک بھارت تنازعہ میں پاکستان نے اخلاقی فتح حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے شروع سے امن کی بات کی لیکن جب بھارت کی جانب سے جارحیت کا مظاہرہ کیا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا گیا اور گرفتار بھارتی پائلٹ کو واپس کرکے اخلاقی برتری بھی حاصل کی۔
اس موقع پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا کانگریس کے حوالے سے پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر حلیت ایرن نے صدر مملکت کو قرآن پاک کا قدیم نسخہ بھی پیش کیا۔
تقریب سے آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان، وفاقی وزیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ شفقت محمود، ڈائریکٹر او آئی سی ریسرچ سنٹر فار اسلامک ہسٹری آرٹ اینڈ کلچر پروفسیرڈاکٹر حلیت ایرن اور سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ڈویژن عامر حسن نے بھی خطاب کیا۔
کانگریس کا اہتمام قومی تاریخی و ادبی ورثہ ڈویژن، او آئی سی ریسرچ سنٹر فار اسلامک ہسٹری آرٹ اینڈ کلچر اور آزاد جموں و کشمیر حکومت کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔
سورس : وی این ایس، اسلام آباد











