پاکستان اور یورپی یونین نے آپسی  تعاون کو فروغ دینے  کیلئے  “سٹرٹیجک انگیجمنٹ پلان”پر دستخط کردئیے ہیں: شاہ  محمود قریشی

370

اسلام آباد، 25جون(اے پی پی ): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، یورپی یونین اوراس کے تمام رکن ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ یورپی یونین ہماری روایتی حلیف، تجارت اور سرمایہ کاری میں پاکستان کی بڑی شراکت دار ہے۔ ہمارا تعاون،  جمہوری اقدار، کثیرالشراکتی، باہمی ہم آہنگی اور احترام کی مشترک اقدار پر مبنی ہے۔ یہ امر باعث اطمنان ہے کہ ہم نے پاکستان اور یورپی یونین کی شراکت کو تزویراتی انگیجمنٹ پلان (ایس ای پی) کی صورت میں ترقی دی ہے۔

پاکستان اور یورپی  یونین  کے مابین نئے اسٹریٹجک پلان پر  دستخط  کے بعد یورپی یونین کی اعلی عہدیدار فیڈریکا موگرینی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں  وزیر خارجہ  شاہ  محمود قریشی نے کہا کہ میں بے حدمسرور ہوں کہ آج پاکستان اور یورپی یونین (ای یو) نے “سٹرٹیجک انگیجمنٹ پلان”پر دستخط کردئیے ہیں۔میں دونوں جانب سے سٹرٹیجک انگیجمنٹ پلان کو حتمی شکل دینے کے لئے کوششوں کو سراہتا ہوں جو مستقبل میں تعاون کے لئے ٹھوس بنیاد فراہم کرتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ‘ایس ای پی’مختلف شعبہ جات میں ہمارے تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے ایک طویل المدتی عزم ہے۔ یہ مستقبل کے تقاضوں کے مطابق ہونے کے علاوہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سٹرٹیجک تعاون کا جامع فریم ورک ہے جس میں امن وخوشحالی، تجارت وسرمایہ کاری، نقل مکانی کرنے والوں کے امور، پائیدار ترقی، توانائی، تعلیم اور ثقافت کے فروغ پر باہمی بنیادوں پر اتفاق شامل ہے۔ یہ منصوبہ علوم کے تبادلے، عوامی سطح پر روابط، ترقیاتی منصوبوں اور اچھی حکمرانی کے شعبہ جات میں تعاون کے نئے امکانات کو روشن کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین،  “ری ایڈمیشن ایگریمنٹ” کے عنوان سے قریبی تعاون پر کار بند ہیں۔ ہم مل کر اپنے شہریوں کے وسیع تر باہمی مفاد میں،  نقل مکانی اور نقل وحرکت کے امور پر جامع مذاکرات کریں گے۔ ‘ایس ای پی۔ کی چھتری کے نیچے پاکستان اور یورپی یونین تجارت وسرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت اور مضبوط بنانے کے لئے کام کریں گے اور پبلک پرائیویٹ شراکت داری، کاروباری سطح پر مذاکرات اور کارپوریٹ سیکٹر میں مشترکہ منصوبوں کے لئے نئے امکانات تلاش کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم ثابت قدمی کے ساتھ پرامن ہمسائیگی کی تعمیر، کلیدی شراکت داروں کے ساتھ مضبوط تعلقات ، علاقائی اور عالمی معیشتوں کیساتھ  زیادہ مربوط  ہونے کے لئے کام کررہے ہیں۔ اس تمام تناظر میں پاکستان اور یورپی یونین کی شراکت داری نمایاں ہے۔ ہمارے تبادلہ خیال میں یہ پہلو شامل ہوں گے۔

 وی این ایس، اسلام آباد