ٹیبلٹ بیسڈ پرائس کلیکشن سسٹم کے نفاذسے پالیسی سازوں کو بروقت فیصلے کرنے میں مدد ملے گی: صدر مملکت

272

اسلام آباد، 16 جولائی (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے اعداد و شمار جمع کرنے کیلئے الیکٹرانک سسٹم کی تیاری کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نئے نظام کو اپنانے سے قیمتوں کے قابل اعتبار اعداد و شمار حاصل ہوں گے جبکہ اس سے پالیسی سازوں کو بروقت فیصلے کرنے میں مدد ملے گی۔ وہ منگل کو ایوان صدر میں پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے ٹیبلٹ (اینڈرائڈ) پر مبنی پرائس ڈیٹا کلیکشن سسٹم پر دی جانے والی پریزنٹیشن میں اظہار خیال کر رہے تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ باہمی رابطہ سے رپورٹ کی تیاری کا عمل پالیسی سازوں کیلئے ملک میں قیمتوں کی اصل صورتحال پر مبنی بروقت فیصلے کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا کی بنیاد پر پالیسی سازی طویل المدتی اہداف حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے جبکہ ڈیٹا کا قابل اعتبار ہونا غیر جانبدارانہ و موثر گورننس کیلئے بنیاد فراہم کرتا ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے صدر مملکت کو ٹیبلٹ بیسڈ پرائس کلیکشن سسٹم (ٹی پی سی ایس) کے نمایاں خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی۔ پاکستان بیورو برائے شماریات نے یہ نظام حال ہی میں تیار کیا ہے جس کا مقصد ملک میں قیمتوں کے متعلق اعداد و شمار جمع کرنا ہے۔ ٹی پی سی ایس ڈیٹا کی اعتباریت بہتر بنائے گا اور اس حوالہ سے انسانی عمل دخل کم کرنے کے ساتھ ساتھ قیمتوں کے شمار کنندگان کی فیلڈ میں بروقت مانیٹرنگ اور وقت کی بچت میں مددگار ثابت ہو گا۔

اے پی پی /احسن/حامد